اسلام آباد :(ویب ڈیسک ) نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے پاکستانی طلبہ نے عالمی ایرو سپیس سائنس کے مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارے سی جی ٹی این کے مطابق پاکستانی طلبہ نے ہانگ کانگ میں ہونے والے انٹرنیشنل سپیس سائنس اینڈ سائٹیفک پے لوڈ 2024 کے مقابلے میں ایوارڈ اپنے نام کیا۔
عالمی ایرو سپیس سائنس مقابلوں کے فائنل میں 10 ممالک کی ٹیمیں پہنچی تھیں جن میں پاکستانی طلبہ کی ٹیم بھی شامل تھی، پاکستان طلبا نے خلابازوں کے تحفظ کے لیے ایک سمارٹ ریڈی ایشن شیلڈ ڈیزائن کی تھی، جس بنا پر انہیں فائنل تک پہنچنے میں کامیابی ملی اور انہوں نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم میں شرجیل سالک، معیز انصاری، عبدالواجد، آمنہ رحمان، فضا مجید، صالحہ عابد، کوئب کلیم اور ہانیہ عرفان شامل تھیں، مذکورہ مقابلوں میں دنیا کے 50 ممالک کی 80 یونیورسٹیز کے ایک ہزار سے زائد طلبہ نے ٹیمز کی صورت میں شرکت کی اور انہوں نے اپنے آئیڈیاز وہاں پیش کیے۔
عالمی ایرو سپیس سائنس مقابلوں کا انعقاد ایشیا پیسیفک سپیس کوآپریشن آرگنائزیشن نے مختلف چینی سائنسی اداروں چائنیز سوسائٹی آف ایسٹروناٹکس، بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، انٹرنیشنل اکیڈمی آف ایسٹروناٹکس اور چینی یونیورسٹی آف ہانگ کانگ کے تعاون سے کیا گیا۔