ٹیلی گرام نے صارفین کیلئے متعدد نئی خصوصیات متعارف کرا دیں

Published On 06 January,2025 10:07 am

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) معروف میسجنگ پلیٹ فارم ٹیلی گرام نے اپنی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں صارفین کیلئے کئی نئی خصوصیات متعارف کرا دیں۔

ان خصوصیات میں تھرڈ پارٹی سے چلنے والے اکاؤنٹ کی تصدیق کا نیا طریقہ، نئے میسج سرچ فلٹرز اور تحائف کو این ٹی ایف میں تبدیل کرنے کی سہولت شامل ہیں۔

چیٹ ایپ میں پہلے ہی عوامی شخصیات اور تنظیموں کی تصدیق کا پروگرام موجود تھا، اب اس نے ایک ایسا پروجیکٹ شروع کیا ہے جو تیسرے فریق جیسے فوڈ کوالٹی ریگولیٹرز یا تعلیمی گروپس کو اکاؤنٹس کی تصدیق کی جا سکے گی۔

رپورٹ کے مطابق تیسرے فریق کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے نام کے ساتھ ایک نیا لوگو ہوگا، جو پچھلے نیلے نشان (بلو چیک مارک) کی جگہ لے گا۔

ترجمان ٹیلی گرام نے اپنی بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ تصدیق کیلئے یہ غیر مرکزی پلیٹ فارم دھوکہ دہی کو روکنے اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو کم کرنے میں مدد کرے گا، یہ ایک منفرد اور پیشگی حل کے ساتھ سوشل پلیٹ فارمز کیلئے ایک نیا حفاظتی معیار قائم کرتا ہے۔

جو افراد یا تنظیمیں تصدیق کرانا چاہتی ہیں، انہیں سب سے پہلے تصدیق کا عمل مکمل کرنا ہوگا اور ویریفائیڈ نشان حاصل کرنے کیلئے درخواست دینا ہوگی۔

اس کے علاوہ ٹیلی گرام نے گفٹس کو این ایف ٹی میں تبدیل کرنے کا ایک نیا طریقہ بھی متعارف کرایا ہے، صارفین یہ گفٹس ٹیلی گرام سٹارز کے ذریعے بھیج سکتے ہیں جو کہ ایپلی کیشن یا فریگمنٹ ویب سائٹ سے خریدے جا سکتے ہیں، جہاں ’ٹی او این‘ کرپٹو والٹ کنیکٹ کرنا ضروری ہے۔

ٹیلی گرام نے کہا ہے کہ صارفین ان این ایف ٹی کو دیگر پلیٹ فارمز پر فروخت یا اس کا تبادلہ کر سکتے ہیں، تاہم ٹیلی گرام گفٹس کو کلیکٹیبلز میں تبدیل کرنے پر فیس وصول کرتا ہے تاکہ بلاک چین ٹیکنالوجی کے استعمال کے اخراجات کو پورا کیا جا سکے۔

اسی طرح کمپنی کی جانب سے میسجز کیلئے ایک ایموجی ری ایکشن فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے جو کسی کے گروپ میں شامل ہونے جیسے سروس میسجز پر استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ پرائیویٹ چیٹس، گروپ چیٹس اور چینلز کیلئے نئے سرچ فلٹرز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔