ناسا نے لیموں کی شکل سے ملتا جلتا سیارہ دریافت کر لیا

Published On 22 December,2025 10:05 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) ماہرینِ فلکیات نے ناسا کی جیمز ویب سپیس ٹیلی سکوپ کی مدد سے ایک نیا، عجیب و غریب سیارہ دریافت کیا ہے جو لیموں کی شکل سے ملتا جلتا ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق یہ سیارہ اتنا عجیب ہے ستاروں اور سیاروں کے درمیان فرق کو دھندلا کر سکتا ہے،یونیورسٹی آف شکاگو کے سائنس دانوں نے اس سیارے کا نام PSR J2322-2650b رکھا ہے۔

اس سیارے کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ اپنے مرکزی سیارے سے صرف 10 لاکھ میل کے فاصلے پر گھوم رہا ہے جو زمین اور سورج کے درمیان فاصلے کا تقریباً 100 گنا کم ہے، اس کا ایک سال صرف 7.8 گھنٹے کا ہے اور اس سیارے کا مرکزی ستارہ ایک پلسر ہے یعنی یہ ایک تیز رفتار نیوٹرون ستارہ ہے جس کی شدید کششِ ثقل کی وجہ سے سیارے کی شکل بیضوی ہو گئی ہے جیسے لیموں کی شکل ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق PSR J2322-2650b کا ایٹموسفئیر بھی نہایت دلچسپ ہے جس میں ہیلیئم اور کاربن کی بھاری مقدار موجود ہےجس کی وجہ سے بہت تیز ہوائیں چل رہی ہیں، اس سیارے کی یہ خصوصیات نہ صرف اس کی انفرادیت کو بڑھاتی ہیں بلکہ یہ ستاروں اور سیاروں کے درمیان موجود کلاسیکی فرق کو مٹا بھی سکتی ہیں۔