فلکیات کے شوقین افراد کے لیے اہم خبر، مشتری کا مشاہدہ کرنا ممکن

Published On 10 January,2026 06:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فلکیات کے شوقین افراد کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے، آج مشتری کا پاکستان میں مشاہدے کا بہترین موقع ہے۔

ترجمان سپارکو کے مطابق پاکستان میں مشتری کا مشاہدہ شام 6:34 بجے سے صبح 6:45 بجے تک  کیا جا سکے گا، مشاہدے کے باعث مشتری کا زمین کے قریب ترین مقام پر سال کا سب سے روشن منظر ہو گا۔

ماہرینِ فلکیات کا کہنا تھا کہ مشتری غروبِ آفتاب کے وقت طلوع ہو گا اور پوری رات آسمان میں موجود رہے گا، سیارہ مشتری اس موقع پر تمام سیاروں میں سب سے زیادہ بڑا اور چمکدار دکھائی دے گا،مشتری برجِ جوزا (Gemini) میں موجود ہوگا۔

اِسی طرح صاف آسمان میں مشتری آنکھ سے بھی واضح دکھائی دے گا، دوربین یا چھوٹی ٹیلی سکوپ سے مشتری کی نمایاں پٹیاں نظر آئیں گی، مشتری کے چار بڑے چاند آئیو، یوروپا، گینیمیڈ اور کالسٹو بھی مشاہدے میں آئیں گے۔

خیال رہے سیارہ مشتری کا یہ شاندار فلکی مظاہرہ دوبارہ اگلے سال ہی دیکھنے کو ملے گا۔