خلاصہ
- کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ویڈیوز کے حوالے سے اپنی پالیسیوں کو مزید سخت اور واضح کر دیا ہے، جس کا مقصد غیر معیاری، اسپام اور نقصان دہ ویڈیو مواد کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
کمپنی کے مطابق نئی اپ ڈیٹ کا مقصد اے آئی ٹولز کے استعمال پر پابندی لگانا نہیں بلکہ ان ویڈیوز کی نشاندہی کرنا ہے جن میں ایک ہی مواد کو بار بار دہرایا جاتا ہے یا ایسا غیر معیاری اور ذہنوں پر منفی اثر ڈالنے والا مواد شامل ہوتا ہے۔
یوٹیوب نے واضح کیا کہ ایسی ویڈیوز پلیٹ فارم پر موجود رہ سکتی ہیں، تاہم ان سے آمدنی حاصل نہیں کی جا سکے گی اور نہ ہی انہیں صارفین کو بطور سفارش (ریکومینڈیشن) پیش کیا جائے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ تخلیق کاروں کو ویڈیوز تیار کرتے وقت معیار، تناظر اور اصل تخلیقی مواد کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ یوٹیوب مفید اور معیاری اے آئی سے تیار کردہ مواد کو اسپام نوعیت کی ویڈیوز سے الگ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق اسپام سے مراد ایسا ویڈیو مواد ہے جس میں بڑی تعداد میں ویڈیوز بغیر معیار یا مقصد کا خیال رکھے مسلسل اپ لوڈ کر دی جاتی ہیں۔
یوٹیوب نے مزید کہا کہ اے آئی ٹولز کا استعمال قابل قبول ہے، تاہم تخلیق کاروں کو اپنی حقیقی اور منفرد تخلیقی کاوشوں کو بھی ویڈیوز کا حصہ بنانا چاہیے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ حالیہ اپ ڈیٹ بنیادی طور پر موجودہ قوانین کی مزید وضاحت کرتی ہے تاکہ صارفین کو کسی اچانک کریک ڈاؤن یا غیر متوقع کارروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔