خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپارکو نے پاکستان کی پہلی قمری گاڑی کے سرکاری نام کا اعلان کر دیا۔ پاکستان کے پہلے قمری روور کا نام جناح-1 رکھا گیا ہے۔
سپارکو کے مطابق جناح-1 نام ملک گیر مقابلے میں موصول ہونے والی تجاویز میں سے منتخب کیا گیا۔ چاند گاڑی کے نام کے لیے سپارکو کو ملک بھر سے 4 ہزار سے زائد تجاویز موصول ہوئیں، جبکہ جناح-1 نام 7 شرکاء نے تجویز کیا۔
حکام کے مطابق فاتح کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا، جس میں بہاول نگر سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ طیب کریم کو فاتح قرار دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپارکو نے کہا کہ جناح-1 کا نام بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔ ان کے مطابق یہ نام پاکستان کے عزم، ترقی اور نئے خلائی افق کی علامت بھی ہے۔
سپارکو کے مطابق پاکستان کا پہلا قمری روور 2029ء میں چین کے چانگ ای-8 مشن کے ذریعے چاند پر روانہ کیا جائے گا۔ ’’جناح-1‘‘ چاند کے جنوبی قطب پر سائنسی تحقیق کرے گا۔
پاکستانی ساختہ قمری روور چاند کی سطح پر پلازما، تابکاری اور سطحی جغرافیہ کا مطالعہ کرے گا، جبکہ مستقبل میں قمری تحقیق اور چاند پر انسانی موجودگی سے متعلق اہم تجربات میں بھی کردار ادا کرے گا۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ جناح-1 پاکستان کے خلائی تحقیق کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور ملک کے سائنسی و تکنیکی شعبوں میں نئی راہیں کھولنے میں مدد دے گا۔