جنگلاتی آگ بجھانے کیلئے مصنوعی ذہانت سے لیس ڈرونز کی آزمائش

جنگلاتی آگ بجھانے کیلئے مصنوعی ذہانت سے لیس ڈرونز کی آزمائش

فاکس نیوز کے مطابق کیلیفورنیا میں محکمہ جنگلات و فائر پروٹیکشن نے حال ہی میں خودکار فائر فائٹنگ ڈرونز کا تجربہ کیا، جبکہ الاسکا میں ایک عالمی مقابلے کے دوران بھی خودکار نظاموں کو ابتدائی درجے کی آگ کا سراغ لگانے اور اسے بجھانے کیلئے آزمایا گیا۔

کیلیفورنیا میں آزمائے گئے ڈرونز میں مصنوعی ذہانت، کمپیوٹر وژن اور دیگر سینسرز استعمال کئے گئے ہیں، جو آگ کے مقام کی نشاندہی کر کے وہاں فائر فائٹنگ فوم پہنچا سکتے ہیں، ان ڈرونز کو خاص طور پر ایسے دور دراز علاقوں کیلئے تیار کیا جا رہا ہے جہاں زمینی عملے یا بڑے طیاروں کو پہنچنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

الاسکا میں جرمن کمپنی ڈرائیڈ نیٹ ورکس کے نظام نے جنگلات میں نصب شمسی توانائی سے چلنے والے سینسرز کے ذریعے آگ کے ابتدائی آثار کا پتا لگایا، جس کے بعد ایک مشاہداتی ڈرون نے خودکار طور پر پرواز کر کے آگ کی تصدیق کی اور دوسرا ڈرون اسے بجھانے کیلئے پہنچا۔

ماہرین کے مطابق یہ ٹیکنالوجی بڑے فائر فائٹنگ طیاروں کا متبادل نہیں بلکہ ان کی معاون ثابت ہوسکتی ہے، اس کا سب سے بڑا فائدہ آگ لگنے کے ابتدائی چند منٹوں میں فوری کارروائی ہے۔

تاہم موسم، دشوار گزار علاقے، محدود گنجائش اور دیگر طیاروں کے ساتھ محفوظ رابطہ اب بھی اہم چیلنجز ہیں، امریکہ کی بعض فائر ایجنسیاں ان ڈرونز کو تجرباتی مرحلے سے نکال کر عملی کارروائیوں میں شامل کرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔