خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیکنالوجی اور برآمدات کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے، جبکہ ٹیکنالوجی کی برآمدات میں 20 سے 22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان کی ٹیک صنعت میں امریکا بڑا شراکت دار ہے اور ہماری تقریباً 50 فیصد مصنوعات امریکا کو برآمد کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایپل اور گوگل پاکستان آ رہے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل شعبے کا کوئی منصوبہ تنہا کامیاب نہیں ہوسکتا، اس لیے شراکت داری کے ذریعے ہی کامیابی ممکن ہے۔ سائبر سکیورٹی اور بلاک چین جیسی جدید ٹیکنالوجیز میں بھی شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
وزیرِ آئی ٹی نے کہا کہ حکومت ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایسے وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے جس سے نئی قیادت تیار ہوسکے۔ وزیراعظم اور دفاعی قیادت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں کوئی موقع ضائع نہ ہو۔
شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ منصوبوں کو جدت اور سرمایہ کاری کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے۔