‎ آزاد کشمیر کا سرکاری خدمات آن لائن منتقل کرنے کے لیے ڈیجیٹل پورٹل جلد فعال کرنے کا فیصلہ

‎ آزاد کشمیر کا سرکاری خدمات آن لائن منتقل کرنے کے لیے ڈیجیٹل پورٹل جلد فعال کرنے کا فیصلہ

‎وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی و اطلاعات کے سیکرٹری محمد راشد حنیف نے سرکاری ڈیجیٹل پورٹل کی تیاری، اب تک ہونے والی پیش رفت اور محکمہ کی جانب سے 100 روزہ پروگرام کے تحت شروع کیے گئے دیگر آئی ٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

‎اجلاس میں سرکاری خدمات کو مرحلہ وار آن لائن منتقل کرنے، ڈیجیٹل رسائی میں توسیع اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا، ڈیجیٹل پورٹل تحت شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات اور معلومات ایک مرکزی آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے دستیاب ہوں گی۔

‎سیکریٹری آئی ٹی محمد راشد حنیف نے بتایا کہ مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے شہریوں کو سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے کی ضرورت کم ہوگی جبکہ خدمات اور سرکاری معلومات تک رسائی مزید آسان، شفاف اور مؤثر بنائی جا سکے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم افتخار گیلانی نے محکمہ آئی ٹی کو ہدایت کی کہ سرکاری پورٹل کی تکمیل کا کام تیز کیا جائے اور ڈیجیٹل طور پر فراہم کی جانے والی تمام مجوزہ خدمات کو جلد از جلد عوام کے لیے قابل رسائی بنایا جائے۔

‎انہوں نے کہا کہ حکومت جدید، شفاف اور عوام کے لیے آسان ڈیجیٹل طرز حکمرانی کی جانب بڑھ رہی ہے اور سرکاری خدمات کو ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا 100 روزہ پروگرام کا اہم حصہ ہے۔

‎وزیراعظم نے محکمہ آئی ٹی کو ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں ڈیجیٹل گورننس اور ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی خدمات کے فروغ کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے بھی استفادہ کیا جائے۔

‎اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ محمد کاشف فاروق، پروگرام منیجر نورین انور اور وقار علی نے بھی شرکت کی۔