ٹیکنالوجی
خلاصہ
- کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل نے کروم ویب براؤزر کے لیے صارفین کی سہولت کا نیا فیچر متعارف کرادیا، جس کے ذریعے ایک ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس پر منتقل کی جانے والی ٹیب اسی پوزیشن پر کھلے گی جہاں صارف نے اسے چھوڑا تھا۔
اس سے قبل کسی ٹیب کو دوسری ڈیوائس پر منتقل کرکے کھولنے کی صورت میں ویب پیج عموماً شروع سے ظاہر ہوتا تھا، تاہم نئے فیچر کے ذریعے کروم پہلی ڈیوائس پر صارف کی اسکرول پوزیشن محفوظ رکھے گا اور دوسری ڈیوائس پر پیج وہیں سے کھولے گا جہاں اسے چھوڑا گیا تھا۔
یہ فیچر بالخصوص ان صارفین کے لیے مفید ہوگا جو اسمارٹ فون پر طویل مضامین پڑھنے کے بعد انہیں کمپیوٹر پر جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
نئے فیچر کے تحت براؤزر میں جزوی طور پر پُر کیے گئے فارمز بھی محفوظ رہیں گے، چاہے صارف نے انہیں ابھی جمع نہ کرایا ہو۔
کمپیوٹر پر فیچر استعمال کرنے کے لیے کروم کے تھری ڈاٹ مینو میں جاکر کاسٹ منتخب کریں، اس کے بعد سیو اینڈ شیئر آپشن کے ذریعے ٹیب کو دوسری ڈیوائس پر منتقل کیا جاسکے گا۔
اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر کروم براؤزر کے شیئر مینو کے ذریعے اس فیچر تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔