چیٹ جی پی ٹی صارفین کو نئے آن لائن فراڈ سے خبردار کردیا گیا

چیٹ جی پی ٹی صارفین کو نئے آن لائن فراڈ سے خبردار کردیا گیا

چیٹ جی پی ٹی استعمال کرنے والے صارفین کو ایک نئے آن لائن فراڈ کا سامنا ہے، جس میں سائبر مجرمان جعلی پیغامات اور لنکس کے ذریعے صارفین کو نقصان دہ ویب سائٹس تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فراڈ کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب صارف گوگل پر چیٹ جی پی ٹی تلاش کرتا ہے، سرچ نتائج میں اسپانسرڈ اشتہار کے ذریعے صارف کو بظاہر چیٹ جی پی ٹی کی اصل ویب سائٹ تک پہنچایا جاتا ہے، تاہم وہاں ایک جعلی کسٹم جی پی ٹی موجود ہوتا ہے جو ہر سوال کے جواب میں مخصوص پیغام ظاہر کرتا ہے۔

جعلی پیغام میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ بنیادی ڈومین پر سروس کی دستیابی محدود ہے جب کہ صارف کو چیٹ جی پی ٹی پلس میں اپ گریڈ کرنے یا کسی متبادل ڈومین پر جانے کا آپشن دیا جاتا ہے۔

فراڈ کو مزید قابلِ یقین بنانے کے لیے جعلی کسٹم جی پی ٹی کو ’پلس 5.6‘ کا نام دیا گیا ہے، جس سے عام صارف اسے کسی نئے ماڈل یا چیٹ جی پی ٹی پلس کے حقیقی فیچر کا حصہ سمجھ سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ  اس فراڈ کا سب سے خطرناک مرحلہ اس وقت شروع ہوتا ہے جب صارف متبادل یا بیک اپ ڈومین پر جانے کے لیے دیے گئے لنک پر کلک کرتا ہے، ایسے لنکس صارف کو نقصان دہ ویب سائٹس تک لے جا سکتے ہیں، جہاں کمپیوٹر میں میلویئر انسٹال ہونے یا حساس معلومات چوری ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

سائبر سکیورٹی ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ سرچ انجن میں نظر آنے والے اسپانسرڈ لنکس پر آنکھ بند کرکے کلک نہ کریں، مشکوک اپ گریڈ پیغامات اور متبادل ڈومینز سے محتاط رہیں اور کسی بھی غیرمعمولی لنک پر جانے سے پہلے ویب ایڈریس کی تصدیق ضرور کریں۔