خلاصہ
- ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں جاری اے آئی ایوری تھنگ گلوبل 2026 میں پاکستان پویلین کا افتتاح کردیا گیا، جہاں 5 پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید حل اور خدمات پیش کی ہیں۔
پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے زیر اہتمام قائم پاکستان پویلین کا افتتاح متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے کیا۔ نمائش میں 70 ممالک سے 500 سے زائد نمائش کنندگان اور 150 سرمایہ کار شریک ہیں۔
پاکستانی کمپنیوں نے اے آئی ڈیٹا انٹیلی جنس، اے آئی سرویلنس، اے آئی سیلز سلوشنز اور خودمختار مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں اپنی ٹیکنالوجیز اور خدمات پیش کیں، جو پاکستان کے ڈیجیٹل ٹیلنٹ اور سافٹ ویئر کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں۔
اس موقع پر سفیر شفقت علی خان نے پاکستانی کمپنیوں کے نمائندگان سے ملاقات کی اور کہا کہ تیزی سے بدلتے عالمی مصنوعی ذہانت کے منظرنامے میں پاکستان کے ٹیکنالوجی شعبے کو فعال اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے اے آئی کے شعبے میں افرادی قوت اور ٹیلنٹ کی ترقی کو پاکستان کی عالمی مسابقتی صلاحیت کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، کوڈنگ اور جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاکستانی مندوبین نمائش کے دوران عالمی صنعت کے رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور ٹیکنالوجی اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں بھی کررہے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تبدیلی اور نئی کاروباری شراکت داریوں پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
پاکستان کی شرکت کو متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتی مشن کے کمرشل سیکشن نے سہولت فراہم کی، جبکہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن بھی تعاون کررہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستان کی آئی ٹی برآمدات مالی سال 2024-25 میں 376 ملین ڈالر سے بڑھ کر مالی سال 2025-26 میں 536 ملین ڈالر ہوگئیں، جو 42 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔