واٹس ایپ اکاؤنٹ کے بغیر بھی اب دوستوں کی کالز کا حصہ بننا ممکن

واٹس ایپ اکاؤنٹ کے بغیر بھی اب دوستوں کی کالز کا حصہ بننا ممکن

واٹس ایپ کی بلاگ پوسٹ کے مطابق صارفین اب کال کا لنک شیئر کرکے ایسے افراد کو بھی گفتگو میں شامل کر سکتے ہیں جو یہ ایپ استعمال نہیں کرتے، لنک موصول کرنے والے افراد اسے اپنے کمپیوٹر کے ویب براؤزر میں کھول کر کال میں شرکت کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق یہ سہولت انفرادی اور گروپ، دونوں طرح کی کالز کے لیے دستیاب ہے، جن میں بیک وقت 32 افراد شرکت کر سکتے ہیں، لنک کے ذریعے کال میں شامل ہونے والے افراد کی گفتگو کو بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔

واٹس ایپ نے بتایا کہ اس فیچر کے ذریعے صارفین کو ہاتھ اٹھانے، سکرین شیئرنگ اور دیگر بنیادی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی، یہ کالز مفت ہوں گی اور ان کے دورانیے پر بھی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی۔

واٹس ایپ کال لنک کیسے بنایا جائے؟

کال لنک بنانے کے لیے صارفین کو واٹس ایپ ایپلی کیشن میں موجود کالز کے ٹیب پر جانا ہوگا، جہاں پلس (+) کے آئیکون پر کلک کرکے کال لنک بنایا جا سکتا ہے۔

لنک تیار ہونے کے بعد اسے ان افراد کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے جنہیں کال میں شامل کرنا مقصود ہو، لنک موصول کرنے والے افراد اسے ویب براؤزر میں کھول کر اپنا نام درج کر سکیں گے اور میزبان کی اجازت ملنے کے بعد کال میں شامل ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ کال لنک بنانے کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے، تاہم لنک کے ذریعے کال میں شامل ہونے والے افراد کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ لازمی نہیں ہوگا۔

واٹس ایپ نے اپنی بلاگ پوسٹ میں مزید بتایا کہ مستقبل قریب میں کال لنکس کو گوگل کیلنڈر اور مائیکروسافٹ آؤٹ لک کے ساتھ مربوط کرنے کے لیے پلگ ان کی سہولت متعارف کرانے کا منصوبہ ہے، اس پیش رفت سے صارفین کے لیے آن لائن میٹنگز اور گفتگو کا شیڈول بنانا مزید آسان ہو سکے گا۔