خلاصہ
- کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا کے مقبول ترین آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں نیا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین تحریری ہدایات یا تصاویر اپ لوڈ کرکے متحرک جی آئی ایف (GIF) تیار کرسکیں گے۔
اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے لیے نیا امیج جنریشن ماڈل متعارف کرایا ہے، جس کی مدد سے صارفین ساکت تصاویر کو متحرک تصاویر میں تبدیل کرسکیں گے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی پسند کی تصویر اپ لوڈ کرکے تحریری ہدایات دے سکیں گے کہ اسے کس انداز میں متحرک کرنا ہے، جس کے بعد چیٹ جی پی ٹی مطلوبہ جی آئی ایف تیار کردے گا۔
اگر صارف کسی تصویر کے بجائے اپنے ذہن میں موجود کسی منظر کو متحرک دیکھنا چاہتا ہے تو وہ صرف تحریری پرومپٹ کے ذریعے بھی جی آئی ایف تیار کراسکے گا۔
تیار کردہ انیمیٹڈ تصاویر میں پلے بیک کی رفتار سمیت دیگر تبدیلیاں کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، جس سے صارفین اپنی پسند کے مطابق جی آئی ایف کو مزید بہتر بنا سکیں گے۔
— OpenAI (@OpenAI) November 4, 2026
اس نئے فیچر کے بعد جی آئی ایف بنانے کے لیے الگ ٹولز استعمال کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ یہ کام چیٹ جی پی ٹی میں تحریری ہدایات کے ذریعے آسانی سے کیا جاسکے گا۔
اوپن اے آئی کے مطابق نیا امیج جنریشن ماڈل صرف متحرک تصاویر بنانے تک محدود نہیں بلکہ اسے عام تصاویر زیادہ تیزی سے تیار کرنے کے لیے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نئے فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور اسے دنیا بھر کے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق نیا ماڈل سابقہ ماڈل کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ تیزی سے تصاویر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔