میٹا نے متنازع تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ واپس لے لیا

میٹا نے متنازع تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ واپس لے لیا

میٹا کو اپنے پلیٹ فارمز پر کاروباری اکاؤنٹس رکھنے والے صارفین کیلئے نئی شرائط متعارف کرانے کے بعد مسلسل تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

ابتدائی طور پر ان شرائط کے تحت انسٹاگرام اور فیس بک کو یہ اختیار دیا گیا تھا کہ وہ صارفین کی ویب سائٹس سے مواد حاصل (سکریپ) کر سکیں اور اسے اپنے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ماڈلز کی تربیت کیلئے استعمال کر سکیں۔

اکتوبر کے وسط میں ان شرائط کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا، امریکا اور برطانیہ کے سیاست دانوں سمیت مختلف حلقوں نے ان قواعد کی مخالفت کی تھی۔

ناقدین کا مؤقف تھا کہ ان شرائط کے ذریعے پبلشرز اور دیگر کاروباری مالکان کے حقوق کا احترام نہیں کیا جا رہا کیونکہ انہیں میٹا کے پلیٹ فارمز کا استعمال جاری رکھنے کیلئے اپنی ویب سائٹس پر اختیار اور کنٹرول سے دستبردار ہونے پر مجبور کیا جا رہا تھا۔

اس کے بعد آنے والے ہفتوں میں میٹا نے مختلف عوامی بیانات اور شرائط میں تبدیلیوں کے ذریعے اس تنقید اور عوامی غم و غصے کو کم کرنے کی کوشش کی۔

مثال کے طور پر کمپنی نے نئی شرائط سے لفظ ٹرین یعنی تربیت کا لفظ ہی ہٹا دیا تاکہ صارفین کی اس تشویش کو کم کیا جا سکے کہ ان کی تیار کردہ تحریروں اور دیگر مواد کو مصنوعی ذہانت کے نظاموں کی تربیت کیلئے استعمال کیا جائے گا۔