خلاصہ
- پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس میں بڑے سائبر حملے کے نتیجے میں 2 کروڑ 20 لاکھ افراد کا ذاتی ڈیٹا متاثر ہوگیا، طبی مراکز اور لیبارٹریوں سے منسلک معلومات لیک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہریوں کی نجی معلومات کے تحفظ سے متعلق تشویش بڑھ گئی ہے، جبکہ ڈیٹا چوری کے واقعے کی تحقیقات اور سیکیورٹی جائزہ شروع کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب یورپ میں سپر مارکیٹس کے فریج اور فریزرز پر سائبر حملوں کے بعد جرمنی کے انفارمیشن سیکیورٹی ادارے نے ڈنمارک کی ایک کمپنی کے بعض صنعتی کولنگ آلات میں موجود سیکیورٹی خامیوں سے خبردار کردیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جرمن ادارے نے جمعے کو جاری سیکیورٹی ہدایت میں کہا کہ متاثرہ نظاموں کو ممکن ہو تو انٹرنیٹ سے منقطع کردیا جائے، بصورت دیگر ان کے نیٹ ورک کنکشن کو وی پی این کے ذریعے محفوظ بنایا جائے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے یورپ کے مختلف ممالک میں سپر مارکیٹس کے ریفریجریشن نظاموں کو ہیکنگ حملوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ سویڈن سے بیلجیم تک مختلف اسٹورز کے فریج اور فریزرز متاثر ہوئے، جس کے باعث دکانوں کو بڑی مقدار میں خوراک ضائع کرنا پڑی۔
یہ واقعہ گزشتہ ماہ فرانس میں پیش آنے والے اسی نوعیت کے سائبر حملے سے مماثلت رکھتا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ متاثرہ ریفریجریشن یونٹس میں سے بعض ڈنمارک کی کمپنی کی تیار کردہ درجہ حرارت کنٹرول کرنے والی ٹیکنالوجی استعمال کر رہے تھے، جسے فرانس میں ہونے والے حملے میں بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔