خلاصہ
- ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں دفاعی شعبے کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر تیار کرنے والی کمپنی ڈیفنس اے آئی نے باضابطہ طور پر اپنے آپریشنز شروع کر دیے ہیں۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق کمپنی نے 100 سے زائد انجینئرز پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر جدید دفاعی سافٹ ویئر تیار کیا ہے، اور متحدہ عرب امارات میں تیار کردہ جدید نظاموں کی ابتدائی تنصیب بھی مکمل کرلی ہے۔
اس پیشرفت کو دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں مقامی صلاحیتوں اور تکنیکی مہارت کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہشام فاضل نے بتایا کہ اس منصوبے کی تیاری میں تین سال کا عرصہ لگا۔
انہوں نے کمپنی کے قیام کو متحدہ عرب امارات کی قیادت کے مستقبل کے وژن سے ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے دفاعی شعبے میں مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینا اہمیت رکھتا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں مصنوعی ذہانت، جدید انجینئرنگ اور مقامی ٹیکنالوجی کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
دفاعی شعبے میں مقامی تحقیق، جدید سافٹ ویئر کی تیاری اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا فروغ بھی اسی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد جدید دفاعی ٹیکنالوجی میں ملکی استعداد کو مزید مستحکم کرنا ہے۔