چرچ کا قرض کی رقم ادا کرنے کے بجائے دعائیں دینے کا وعدہ

Published On 13 Feb 2016 08:41 PM 

روس میں ایک چرچ نے قرض کی رقم ادا کرنے کے بجائے دعویداروں کو دعائیں دینے کا وعدہ کیا ہے۔

ماسکو: (ویب ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نزہنی نوگوروڈ کے شہر میں واقع اس چرچ نے ایک تعمیراتی کمپنی کے تقریباً دس ہزار ڈالر ادا کرنے تھے اور رقم کی ادائیگی میں ناکامی پر تعمیراتی کمپنی نے چرچ پر مقامی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ زینک نیوز کی ویب سائٹ کے مطابق خوش قسمتی سے کمپنی کے مالک ایک مذہب پسند عیسائی ہیں اور انھوں نے قرضے کی کچھ رقم اس وعدے پر معاف کر دی ہے کہ چرچ ان کے لیے خصوصی دعا کرے گا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں اس قسم کا قانونی معاہدہ ہوا۔ چرچ کی قانونی ٹیم نے میڈیا کو بتایا ہے کہ یہ نیک خیال کمپنی کی جانب سے سامنے آیا تھا۔ یہ ہمارے لیے بھی باعثِ حیرت تھا اور معاہدہ بھی کمپنی نے خود ہی تحریر کیا ہے۔ دوسری جانب ایرا نامی اس کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم چرچ کا احترام کرتے ہیں ہم نے چرچ پر چھوڑ دیا ہے کہ وہ اس معاہدے پر کیسے عملدرآمد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا دعاؤں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ کمپنی اور اس کے ملازمین کی خوشحالی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔