ایک اور جاپانی شہزادی محبت کی شادی کو تیار

Last Updated On 28 June,2018 01:15 pm

ٹوکیو(نیٹ نیوز) ایک اور جاپانی شہزادی نے محبت کیلئے ’’شاہی زندگی ‘‘ کو ٹھکرا دیا ، جاپانی شہزادی آیاکو نے عام شہری سے شادی کا اعلان کیا ہے ،اس سے قبل ان ہی کے خاندان کی دو شہزادیاں دل کے ہاتھوں مجبور ہو کر شاہی رتبہ چھوڑنے کو تیار ہوئیں۔

جاپان کے شاہی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شہنشاہ آکی ہیتو کے مرحوم کزن تکا مودو کی تیسری اور سب سے چھوٹی دختر شپنگ فرم سے وابستہ32 سالہ موریو نامی ایک عام شہری سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

دونوں ایک سال سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں ،گزشتہ روز انہوں نے 12 اگست کو منگنی جبکہ شادی 29 اکتوبر کو کرنے کا اعلان کیا ہے ۔جاپان کے شاہی قانون کے تحت ’آیاکو‘ کو موریا سے شادی کرنے کے بعد اپنا شاہی رتبہ ترک کرنا پڑے گا یعنی پھر انہیں شہزادی کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک عام شہری کی حیثیت سے زندگی گزارنی ہو گی۔