دنیا کی سیر کرنیوالی خوش نصیب بلی

Published On 06 October,2020 05:17 pm

لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں انسانوں کی جانوروں کے ساتھ انسیت ہوتی ہے ایسی انسیت کی ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر ایک بلی نے اپنے مالک کے ساتھ پوری دنیا کی سیر کی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ایڈنبرا کے لیے رگبی کھیلنے والے ڈین نکلسن نے نوکری چھوڑ کر دنیا کا سفر کرنے کی ٹھانی تو ان کو اندازہ نہیں تھا کہ تجربہ ان کی زندگی بدل ڈالے گا لیکن 31 سالہ ڈین کبھی بھی یہ تصور نہیں کر سکتے تھے کہ ایک ننھے سے چار ٹانگوں والے دوست کی محبت انھیں کتنا بدل دے گی۔

ڈین پیشے کے لحاظ سے ویلڈر ہیں جو ڈنبار سے تعلق رکھتے ہیں۔ صبح نو سے شام پانچ کے معمول سے تنگ تھے لہٰذا انھوں نے موٹر سائیکل پر دنیا دیکھنے کا فیصلہ کیا۔

انھوں نے سکاٹ لینڈ سے ایمسٹرڈیم کا سفر کیا۔ کروشیا جانے کے لیے بحری جہاز میں سفر کرنے سے قبل وہ بلجیم، سوئٹزر لینڈ اور اٹلی سے بھی گزرے۔ پھر وہ بوسنیا گئے، جہاں ان کی ملاقات ایک چھوٹی سی بلّی سے ہوئی جو بعد میں ان کی ہم سفر بن گئی۔

ڈین نے برطانوی خبر رساں ادارے کے نمائندہ کو بتایا کہ یہ ایک عام سا دن تھا۔ میں مونٹی نیگرو میں داخل ہونے والا تھا اور ایک بڑی پہاڑی پر موٹر سائیکل چلا رہا تھا۔ وہاں ایک بلّی پیچھے سے آ کر میرے سے ٹکرائی۔ وہ پہاڑی پر میرا پیچھا کر رہی تھی، لہٰذا میں رک گیا اور اسے اوپر کھینچ لیا۔ وہ میرا ساتھ نہیں چھوڑنا چاہتی تھی، اس لیے میں نے اسے اپنی موٹرسائیکل پر سامنے بٹھا دیا اور اسے اگلے شہر لے گیا۔ میں یہ جاننا چاہتا تھا کہ آیا اس میں مائیکرو چپ لگی ہوئی ہے یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں مائیکروچپ نہیں لگی تھی۔ وہ بلّی میرے کندھے پر چڑھ کر سو گئی اور تبھی میں نے سوچا کہ اس سفر میں یہ بلی میرے ساتھ آ رہی ہے۔

ڈین کا تھائی لینڈ جانے کا پروگرام ملتوی ہو گیا اور انھیں احساس ہوا کہ اس ننھی سی بلی (جس کا نام انہوں نے نالا رکھا تھا) نے انھیں بدل دیا تھا۔

آسٹریا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ اس بلی نے مجھے سکھایا ہے کہ گھر رہ کر تھوڑا سکون سے زندگی کا لطف لیا جائے۔ موٹر سائیکل پر میں نے پہلے اس کی ضروریات کا خیال رکھنا شروع کر دیا ہے، جس سے سفر تھوڑا سست ہو گیا لیکن اب ہم بیچ میں اکثر رک کر کھیلتے ہیں۔ گر جنگل مل جائے تو ہم رکتے ہیں اور وہاں کھیلتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسے ساحل سمندر پر بھاگنا بھی پسند ہے۔

جوڑی نے تقریباً 10 ہزار میل کا فاصلہ طے کیا ہے۔ ڈین کو نالا کے لیے پالتو جانوروں والا پاسپورٹ بنوانا پڑا تھا اور اب دنیا ان کے لیے کھیل کے ایک میدان کی طرح بن گئی ہے۔ یہ بلّی ڈین کو اتنی پیاری ہو گئی ہے کہ اب اس سفر میں ہدایات بھی وہی دیتی ہے۔

ڈین کا کہنا تھا کہ میں بلی کے ساتھ ایران نہیں جا سکا کیونکہ وہاں کے ہوٹلوں میں بلی کے ساتھ رہنے کی اجازت نہیں ہے۔ اب ہمارا منصوبہ یہ ہے کہ موسم بہار میں روس سے گزرا جائے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈین اور نالا جہاں بھی جاتے ہیں، سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرتے ہیں۔ مقامی افراد اس چھوٹے سے مسافر سے حیرت زدہ ہوتے ہیں جو اپنی مرضی کے مطابق موٹرسائیکل کے سامنے یا اگر غصے میں ہو تو ڈین کے کندھے پر سوار ہوتی ہے۔ لوگ انھیں دیکھنے کے لیے رکتے ہیں اور اس بلی کی وجہ سے ان کے مالک کو اب تک ایک پنٹ مفت بیئر بھی ملی ہے۔

نالا نے البانیہ اور یونان کا سفر کیا ہے اور اب وقفے کے لیے ڈنبار آئی ہے۔ وہ کیبل کار سے لے کر کیاکنگ سے بھی لطف اندوز ہوئی ہے۔ نالا سوشل میڈیا پر کافی مشہور ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے آٹھ لاکھ فالوورز ہیں اور ایک دن میں انھیں تقریباً ایک ہزار پیغامات ملتے ہیں۔

یوٹیوب پر ان کے ڈیڑھ لاکھ سبسکرائبرز اشتہاروں کے ذریعے ان کے لیے اتنی رقم کا انتظام کر دیتے ہیں کہ وہ موٹر سائیکل کی مرمت اور بلی کے کھانے کا خرچا اٹھا سکیں۔ یہاں تک کہ نالا کا اپنا کیلنڈر ہے اور اب ان کی مہم جوئی سے متعلق ایک کتاب بھی آ گئی ہے۔

ڈین کا کہنا تھا کہ وہ موسم سرما کے دوران یونان میں کچھ جانوروں کی پناہ گاہوں میں کام کرنے جارہے ہیں۔ پھر موسم بہار میں روس سے ہوتے ہوئے تھائی لینڈ جائیں گے۔ ’میں ساحل پر ایک ناریل کے ساتھ بیٹھنے کا خواب پورا کرنا چاہتا ہوں۔اور ظاہر ہے، ایک بلی۔

Advertisement