جھریاں ختم کرانے کا شوق خاتون کو مہنگا پڑ گیا

Published On 02 October,2020 06:12 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جہاں پر ایک خاتون نے اپنے چہرے سے جھریاں ختم کرانے کے لیے انجکشن لگوائے جس کے بعد خاتون کا منہ ٹیڑھا ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اکثر خواتین خوبصورتی بڑھانے کے لیے کاسمیٹکس پروسیجر کرواتی ہیں جن میں انجیکشنز اور کاسمیٹکس سرجری شامل ہوتی ہے۔ اکثر کاسمیٹکس کا یہ عمل دردناک اور خوفناک بھی ثابت ہوجاتا ہے اور ساری زندگی اس غلطی کی سزا بھگتنی پڑ جاتی ہے۔

ایسی ہی ایک خبر چین سے آئی ے جہاں پر شہر ہینگ ژہو سے تعلق رکھنے والی خاتون نے کاسمیٹک کلینک سے چہرے کی جھریوں کو ماند کرنے کے لیے ’رنکل فلرز‘ لگوائے جس کے بعد ان کا منہ ٹیڑھا ہوگیا۔

29 سالہ ژہاؤ نے مقامی کاسمیٹکس ہسپتال سے چہرے پر جھریاں ختم کرنے والے فلرز انجیکشن لگوائے تھے جس کو لگوانے کے ایک ہفتے بعد خاتون جب صبح سو کر اٹھیں تو ان کا آدھا منہ مفلوج تھا۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون نے درخت کو دس گھنٹے گلے لگا کر ریکارڈ قائم کر دیا، ویڈیو وائرل

خاتون کا آدھے منہ مفلوج ہونے کی وجہ سے وہ اپنا منہ اور بائیں آنکھ ٹھیک سے بند بھی نہیں کر پا رہیں جبکہ انہیں کھانا تک چبانے میں دشواری کا سامنا ہے اور وہ پانی بھی اسٹرا کے ذریعے پی رہی ہیں۔

خاتون کا کہنا ہے کہ روزانہ جب میں اپنے چہرے کو شیشے میں اس حالت میں دیکھتی ہوں تو میرا مرنے کا دل کرتا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 29 سالہ چینی خاتون کو ’فیشل نیرو پیرالیسس‘ ہوا ہے اور ان کا منہ واپس پہلے کی طرح کب ہوگا اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے، اسے ٹھیک ہونے میں کئی دن، ماہ یا سال لگ سکتے ہیں جبکہ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ خاتون کا منہ کبھی ٹھیک نہ ہو سکے۔

ژہاؤ کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار انجیکشنز لگوا چکی ہیں لیکن ان کے ساتھ کبھی ایسا نہیں ہوا، انہوں نے کاسمیٹک اسپتال کے خلاف مقدمہ بھی درج کرایا ہے۔

Advertisement