اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ کو عوامی جمہوریہ چین کے قیام کو 71 سال ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
آج چین کے قومی دن کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اکتوبر 1949ء میں نئے چین کا قیام تاریخ کا شاندار موقع تھا۔ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں چینی عوام نے جدید خوشحال معاشرے اور عظیم جدید سوشلسٹ ملک بنانے کے اہداف کے حصول کا تعین کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری سدابہار سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے اور پاکستان اہم قومی مفادات کے حصول کیلئے چین کی حمایت جاری رکھے گا۔
عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری قسمت بدلنے کا منصوبہ ہے اور میری حکومت اسے ایک خطہ ایک شاہراہ کے اعلی معیار کا منصوبہ بنانے کیلئے پرعزم ہے۔