نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارت میں ایک بچہ آن لائن گیم کا اس قدر دیوانہ ہوا کہ ماں کا زیور ہی فروخت کر ڈالا، 12 سالہ بچہ بعد ازاں گھر سے فرار ہوگیا۔
دہلی میں 12 سالہ بچہ آن لائن گیم فری فائر کھیلنے میں مصروف تھا کہ اس دوران اسے گیم میں کچھ ہتھیار خریدنے کیلئے پیسوں کی ضرورت پڑی، اگر وہ ہتھیار نہ خریدتا تو گیم مزید نہیں کھیل سکتا تھا۔ گیم اپ ڈیٹ کرنے کیلئے بچے نے پہلے اپنے والد کی جیب سے کچھ پیسے نکالے جو پورے نہیں پڑے ، بعد ازاں اس نے اپنی ماں کی سونے کی چین چوری کی اور اسے 20 ہزار بھارتی روپے میں فروخت کر دیا۔
بعد ازاں پکڑے جانے کے ڈر سے بچہ گھر سے فرار ہوگیا اور دہلی سے بذریعہ ٹرین علی گڑھ پہنچ گیا، ریلوے پولیس نے بچے سے تفتیش کی جس پر اس نے جرم کا اعتراف کیا ۔بچے کے والد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسے موبائل فون لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن کلاسز لینے کیلئے دیا تھا۔