لاہو:(ویب ڈیسک)محبت ایک ایسی چیز ہے کہ جو انسان کو سدھار بھی دیتی ہے اور ناکام محبت کی وجہ سے کچھ افراد اپنی جان دینے سے بھی گریز نہیں کرتے ہیں جبکہ دنیا میں محبت کے ہاتھوں مجبور ہوکر عجیب و غریب کام کرنے والوں کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔
اظہارِ محبت اور پاگل پن میں فرق ہوتا ہے لیکن کچھ ‘ناکام عاشقوں’ کیلئے دونوں ایک ہی ہیں، انسانی تاریخ مرد اور عورت کی جنونی محبت کی ایسی داستانوں سے بھری پڑی ہے جس میں عاشق اپنی محبوبہ کو متاثر کرنے کیلئے ناقابلِ یقین کارنامے انجام دے دیتا ہے.
اسی طرح کا ایک عجیب و غریب واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں پر ایک لڑکے نے اپنی وفاداری ثابت کرنے کے لئے محبوبہ کو اپنے تمام دانتوں کا ہار بناکر پیش کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھی اس واقعے کی تصویر وائرل ہوئی جس میں لڑکے کو بغیر دانتوں والی مسکراہٹ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مصر میں پیش آیا جہاں پر کیک نامی نوجوان نے اپنی محبوبہ جس کا نام لیزا تھا کے سامنے اپنی محبت کا یقین دلانے کے لئے اپنے تمام دانت نکلوا کر اس کا ہار بنوادیا۔
مصری نوجوان کو یہ عجیب و غریب کام کرنے کی نوبت اس لئے پیش آئی کیونکہ اس کی محبوبہ نے اس کو دھوکہ دہی کرتے ہوئے پکڑ لیا تھا جبکہ نوجوان کی جانب سے اپنی محبت کا یقین دلانے کے لئے کوئی اور کام نہ سوجھا تو اس نے اپنے تمام دانتوں کو نکلوایا اور اس کا ہار بناکر لیزا کو تحفہ کے طور پر پیش کردیا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب لیزا کو کیک کی جانب سے اسے دھوکہ دیئے جانے کا انکشاف ہوا تو اس نے کیک سے بول چال بند کردی اور اس کا فون تک اٹھانا چھوڑ دیا مگر کافی کوششوں کے بعد لیزا کیک سے ملنے کے لئے ایک ریسٹورنٹ پہنچی جہاں پر نوجوان نے کوئی بات کئے بنا ہی دانتوں کا ہار اپنی محبوبہ کو پیش کردیا جس پر اس کی محبوبہ سکتے میں آگئی اور پوچھا کہ یہ کیا ہے تو اس نے جواب دیا کہ میں نے اپنے دانتوں کو نکلوا کر ہار بنوا دیا تاکہ تمہیں میری محبت کا یقین آسکے۔
کیک کی یہ حرکت دیکھ کر لیزا کو شدید غصہ آیا اور وہ نوجوان کو یہ کہہ کر ریسٹورنٹ سے چلتی بنی کہ آئندہ وہ اس سے بات کرنے کی بھی کوشش نہ کرے۔