لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں موجود دنیا کے معمر ترین کچھوے کی 191 ویں سالگرہ منائی گئی۔
برطانوی جزیرے سینٹ ہیلینا کے ایک پارک میں رہنے والا جوناتھن نامی یہ کچھوا دنیا کے معمر ترین جاندار کا اعزاز رکھتا ہے، برطانیہ میں مقیم اس معمر کچھوے نے گزشتہ دنوں ہی اپنی 191 سالگرہ منائی ہے۔
جوناتھن 1832میں برطانیہ میں ہی پیدا ہوا تھا جبکہ اس کے تمام ساتھی کئی دہائیوں پہلے ہی اس کا ساتھ چھوڑ کر دنیا سے جا چکے ہیں۔بڑھاپے کی وجہ سے اس کے پورے جسم پر جھریاں پڑ چکی ہیں اور اس ہی لئے یہ زیادہ دیر حرکت بھی نہیں کر سکتا ۔
رپورٹس کے مطابق اس کچھوے کو 50 سال کی عمر میں 1882 میں سینٹ ہیلینا لایا گیا تھا اور گزشتہ سال گنیز ورلڈ ریکارڈز نے جوناتھن کو دنیا کا سب سے معمر کچھوا قرار دیا تھا۔
اس سے قبل دنیا کے سب سے معمر کچھوے کا اعزاز والا توئی ملیلا نامی کچھوے کے پاس تھا جو 1965 میں 188 سال کی متوقع عمر میں مر گیا تھا۔