پولیس اہلکار کی ’بسم اللہ‘ پڑھ کر رشوت لیتے ہوئے ویڈیو وائرل

پولیس اہلکار کی ’بسم اللہ‘ پڑھ کر رشوت لیتے ہوئے ویڈیو وائرل

واقعہ تھانہ راوی روڈ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں اہلکار عبدالرحمن نے رنگ روڈ پر شہری کو روک کر رشوت طلب کی، ابتدائی طور پر شہری نے ایک ہزار روپے دینے کی کوشش کی، لیکن اہلکار نے مزید 500 روپے کا تقاضا کیا۔

ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔

صارفین نے شہری پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اسے آخر کس مجبوری کے تحت رشوت دینا پڑی، جبکہ بعض نے طنزیہ انداز میں کہا کہ یہ دن کی پہلی رشوت ہے جس کا آغاز بسم اللہ کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارف رفیق جان کا کہنا ہے کہ جب تک ملک میں آئین اور قانون کی مکمل عملداری قائم نہیں ہوگی، اس طرح پولیس کی لوٹ مار جاری رہے گی۔

دوسری جانب لاہور پولیس نے وائرل ویڈیو پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق مذکورہ اہلکار کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسے ملازمت سے برطرف کرنے کے ساتھ ساتھ سخت محکمانہ کارروائی کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ ”ایک اہلکار کا غلط فعل پوری پولیس فورس کی بدنامی کا باعث بنتا ہے، کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور ایسے اہلکاروں کی لاہور پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہے۔“