شادی میں مجرموں کو مدعو کرنے پر پولیس کانسٹیبل ملازمت سے برطرف

شادی میں مجرموں کو مدعو کرنے پر پولیس کانسٹیبل ملازمت سے برطرف

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد حکام نے فوری طور پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی، برطرف کیے جانے والے کانسٹیبل اشوک بشنوئی ضلع جھالاواڑ میں تعینات سپیشل ٹیم کا حصہ تھے، ان کی شادی ناگور میں ہوئی جہاں راجستھان اور مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے متعدد مبینہ جرائم پیشہ افراد نے شرکت کی۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بعض افراد دولہا کے ساتھ تصاویر بنوا رہے ہیں اور تقریب کے دوران نوٹ نچھاور کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق تقریب میں شریک افراد میں ایسے نام بھی شامل تھے جو مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب یا زیرِ تفتیش رہے ہیں جن میں منشیات اور اسلحہ سمگلنگ سے متعلق کیسز بھی شامل ہیں، بعض افراد کو متعلقہ اضلاع کی ’ٹاپ ٹین‘ فہرستوں میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر ضلع جھالاواڑ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے محکمانہ انکوائری کا حکم دیا، ابتدائی تحقیقات کے بعد کانسٹیبل کو فوری طور پر ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا کہنا تھا کہ وردی کے وقار اور محکمہ پولیس کی ساکھ پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا، پولیس حکام کے مطابق معاملے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ مذکورہ اہلکار اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان روابط کی نوعیت اور حد کیا تھی۔