خلاصہ
- کینبرا: (ویب ڈیسک) مکڑیوں سے خوفزدہ افراد کے لیے بری خبر ہے کہ دنیا کی تیز ترین مکڑی زیادہ تر انسانوں سے بھی زیادہ تیزی سے دوڑ سکتی ہے۔
تحقیق کے دوران سائنسدانوں نے مکڑیوں کی 258 مختلف اقسام کا لیبارٹری کے کنٹرول شدہ ماحول میں جائزہ لیا تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ حقیقت میں سب سے تیز رفتار مکڑی کون سی ہے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق آسٹریلیا کی ریاست کوئنزلینڈ میں پائی جانے والی ہنٹس مین مکڑی دنیا کی تیز ترین مکڑی قرار پائی، جو 3.6 میٹر فی سیکنڈ (تقریباً 8 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے، یہ رفتار ایک عام انسان کی اوسط رفتار، جو 4 سے 6 میل فی گھنٹہ ہوتی ہے، سے زیادہ ہے۔
اس سے قبل مراکشی فلک فلاک مکڑی کو دنیا کی تیز ترین مکڑی سمجھا جاتا تھا، تاہم سائنسدانوں کے مطابق یہ مکڑی حرکت کے دوران قلابازیوں کا منفرد انداز اختیار کرتی ہے، جس سے اس کی رفتار غیر معمولی طور پر بڑھ جاتی ہے، اسی لیے اسے حقیقی دوڑنے کی رفتار کا معیار نہیں مانا گیا۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ نسبتاً بڑی جسامت والی مکڑیاں عموماً زیادہ تیز دوڑتی ہیں، بشرطیکہ ان کا پیٹ ضرورت سے زیادہ بھاری نہ ہو، اس کے علاوہ لمبی ٹانگیں بھی تیز رفتار مکڑیوں کی نمایاں خصوصیت قرار دی گئی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق مکڑیوں کی جسمانی ساخت، حرکت اور ارتقائی خصوصیات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد فراہم کرے گی۔