دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک کون سی ہے؟

دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک کون سی ہے؟

آسیب یا بھوتوں کا وجود حقیقت ہے یا محض تصور، یہ ایک طویل بحث ہے، تاہم دنیا میں بعض مقامات ایسے ہیں جن کے بارے میں پراسرار واقعات اور خوفناک کہانیاں مشہور ہیں، انہی میں امریکا کی ریاست نیو جرسی میں واقع کلنٹن روڈ بھی شامل ہے، جسے دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک قرار دیا گیا ہے۔

جرمن رینٹل کار کمپنی سکسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق ویسٹ ملفورڈ کے علاقے میں واقع کلنٹن روڈ مسلسل تیسرے سال اس فہرست میں پہلے نمبر پر رہی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کلنٹن روڈ کا شمار امریکا کی ان سڑکوں میں ہوتا ہے جن کے بارے میں کئی دہائیوں سے مافوق الفطرت اور پراسرار کہانیاں گردش کر رہی ہیں، اس سڑک کا جنگلات سے گزرتا تقریباً 10 میل طویل حصہ رات کے وقت انتہائی خوفناک محسوس ہوتا ہے۔

کلنٹن روڈ سے متعلق کہانیاں ایک صدی سے زیادہ عرصے سے بیان کی جا رہی ہیں، بعض افراد یہاں پراسرار روشنیاں دیکھنے کے دعوے بھی کرتے ہیں، جو ان کے مطابق اچانک نمودار ہوتی ہیں اور پھر غائب ہو جاتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دنیا کی سب سے زیادہ آسیب زدہ سڑک کا تعین کرنے کے لیے گوگل اور ٹک ٹاک پر سرچ ٹرینڈز کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا، اس ڈیٹا کا موازنہ 2023 سے 2025 کے دوران شائع ہونے والی آسیب زدہ سڑکوں کی مختلف فہرستوں سے کیا گیا، جس کے بعد کلنٹن روڈ کو سرفہرست قرار دیا گیا ہے۔