تائیوان میں خوفناک زلزلہ ، دو افراد جاں بحق

Published On 06 Feb 2018 10:44 PM 

چھ اعشاریہ چار شدت کے زلزلے سے متعدد عمارتیں منہدم ، ہائی ویز اور رابطہ پل ٹریفک کیلئے بند کر دیئے گئے

ہوالین (دنیا نیوز ) تائیوان خوفناک زلزلے سے لرز اٹھا، چھ اعشاریہ دو شدت کے زلزلے سے دو افراد ہلاک اور دو سو زخمی ہوگئے۔ کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔ تائیوان کا شہر ہوالین منگل کی رات چھ اعشاریہ چار شدت کے خوفناک زلزلے سے لرز اٹھا۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق گیارہ بج کر پچاس منٹ پر آیا اور اس کا مرکز تائیوان کے ساحل سے بیس کلومیٹر دور سمندر میں تھا۔ زلزلے کے نتیجے میں بہت سی عمارتیں منہدم ہو گئیں۔

ہسپتالوں اور سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا، متاثرہ عمارتوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ فوج بھی امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ حکام کے مطابق 40 ہزار مکانات پانی کے بغیر ہیں۔ ہائی ویز اور رابطہ پل ٹریفک کے لیے بند کر دیئے گئے۔ تائیوان کی صدر سائی انگ وین نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ دو سال پہلے آج ہی کے روز تائیوان میں چھ اعشاریہ چار کی شدت سے زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں 117 افراد ہلاک ہوئے تھے۔