انڈو نیشیا: پندرہ منٹ کے وقفے سے زلزلے کے دو شدید جھٹکے

Last Updated On 02 October,2018 02:55 pm

جکارتہ ( دنیا نیوز) امریکی جیولوجیکل انسٹی ٹیوٹ کے مطابق منگل کی صبح انڈونیشیا کے جنوب میں جزیرہ سومبا کے مقابل یکے بعد دیگرے دو زلزلے آئے۔

 امریکی ادارے نے بتایا ہے کہ پہلا زلزلہ سومبا جزیرے سے 40 کلو میٹر کی دوری پر 10 کلو میٹر کی گہرائی میں آیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.9 تھی۔ جزیرہ سومبا کی آبادی 7.5 لاکھ افراد پر مشتمل ہے اور یہ سولاویسی کے جزیرے سے 1600 کلو میٹر دور ہے۔ سولاویسی میں جمعے کے روز خوف ناک زلزلہ آیا تھا جس کی شدت 7.5 تھی، زلزلے کے بعد وہاں سونامی طوفان نے تباہی مچا دی۔

منگل کی صبح پہلے زلزلے کے تقریبا 15 منٹ بعد اسی علاقے میں دوسرا زلزلہ آیا۔ اس مرتبہ زلزلے کی شدّت ریکٹر اسکیل پر 6 رہی اور اس کا مرکز 30 کلو میٹر کی گہرائی میں تھا۔

فوری طور پر کسی جانی یا مادی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری نہیں ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جمعے کے روز سولاویسی جزیرے میں آنے والے خوف ناک زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 844 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ 59 ہزار کے قریب بے گھر ہوئے۔ اس قدرتی آفت کے بعد انڈونیشیا کی حکومت نے عالمی برادری سے مدد طلب کر لی۔
 

Advertisement