بیان پر قائم، مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے: مہاتیر محمد

Last Updated On 23 October,2019 08:52 am

کوالالمپور: (دنیا نیوز) ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنے بیان قائم ہوں، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشین وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان میرے ضمیر کی آواز ہے، نہ ہی بیان سے پیچھے ہٹوں گا اور نہ واپس لوں گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش، بھارت وادی میں حالات فوری نارمل کرے، امریکہ

مہاتیر محمد کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان سےمودی سرکار کو آگ لگ گئی، انتہا پسند بھارتی تاجروں نے ملایشین پام آئل در آمد نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

ملائیشین وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت حکومت کی جانب سے اب تک کسی بائیکاٹ کا اعلان سامنے نہیں آیا، کسی بھی ایسے اقدام سے پرہیز کرنا چاہیے جس سے تجارتی جنگ شروع ہوجائے،

یاد رہے کہ اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں مہاتیر محمد نے جموں کشمیر کو مقبوضہ علاقہ قرار دیا تھا جس پر بھارت نے قبضہ کیا ہوا ہے۔

مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ضمیر کے مطابق بات کرتے ہیں، ہم نہ اپنا بیان بدلتے ہیں اور نہ ہی واپس لیتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی حمایت حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ماننا ہے کہ صرف پاکستان اور بھارت ہی کو نہیں بلکہ امریکا سمیت تمام ممالک کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کو تسلیم کرنا چاہیے، ورنہ اقوام متحدہ کا کیا فائدہ ہوگا۔

ملائیشین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے اب تک کسی اقدام کا اعلان نہیں کیا گیا، تجارت دوطرفہ ہوتی ہے، کوئی ایسا قدم اٹھانا غلط ہے جو تجارتی جنگ کی طرف لے جائے۔
 

Advertisement