نیو یارک: (دنیا نیوز) جو بائیڈن کی جانب سے امریکی انتخابات میں واضح فتح حاصل کرنے کے باوجود کئی عالمی رہنماؤں نے ان کو مبارکباد دینے میں تاخیر کیا اور بعض کی جانب سے ابھی تک مبارکباد نہیں دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی دن بعد بھی جو بائیڈن کی فتح تسلیم کرنے سے انکاری ہیں، الیکشن میں مبینہ دھاندلی کو بے نقاب کرنے کے لیے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف ریلیز منعقد کریں گے، جہاں وہ صدارتی انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور دھاندلی کے ثبوت پیش کریں گے، ٹرمپ کمپین کا دعویٰ ہے کہ انتخابات میں ایسے لوگوں کے ووٹ بھی کاسٹ ہوئے جو الیکشن سے پہلے وفات پا چکے تھے۔
دوسری جانب چند عالمی رہنمابھی جو بائیڈن کو مبارکباد دینے سے گریزاں نظر آئے، روسی صدر کا موقف ہے کہ وہ عدالتی فیصلہ آنے کے بعد جو بائیڈن کو فتح کی مبارکباد دیں گے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے بھی ابھی تک منتخب صدر کو مبارکباد نہیں دی، سعودی فرمانروا شاہ فیصل اور ولی عہد محمد بن سلمان نے چوبیس گھنٹے بعد لب کشائی کی اور بائیڈن کو فتح کی مبارکباد دی جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم کو مبارکباد دینے میں 12 گھنٹے لگے۔