انقرہ : (ویب ڈیسک) صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ہر مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ پالیسی جاری رہے گی۔ شام، عراق، لیبیا اور یمن میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انقرہ کے صدارتی محل میں کاراکرت ہوروسن روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شام سے لے کر لیبیا تک فرانس ہر موقع پر بحرانوں کو جنم دے رہا ہے۔ فرانس کی طرف سے تعمیری مقاصد کی کمی شدت سے محسوس ہو رہی ہے۔
فرانسیسی صدر میکرون کے حوالے سے صدر اردوان نے کہا کہ حالیہ کچھ دنوں میں لبنان میں بھی اسی طرح کی گیم کھیلی گئی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فرانسیسی صدر میکرون کے حالیہ اقدامات کا جائزہ لیں کیونکہ اس پالیسی سے کئی ممالک خطرے سے دوچار ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آیا صوفیہ کے بعد ہماری اگلی منزل مسجد اقصیٰ ہے: رجب طیب اردوان
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر مظلوم کے ساتھ ترکی کھڑا ہے اور یہ پالیسی جاری رہے گی۔ شام، عراق، لیبیا اور یمن میں ترکی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا چاہے کسی کو کتنا ہی ناگوار گزرے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دل ہر وقت اور ہمیشہ مظلوموں کے لئے کھلے رہیں گے۔ جب آرمینیا نے آذربائیجان پر حملہ کیا تو ترکی اپنے بھائیوں کی ہر ممکن مدد کو پہنچا۔ نیگورنو کاراباخ کی آزادی میں ترکی کی مدد کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ترکی اپنے آذری بھائیوں کے لئے ہر وقت تیار ہے۔
صدر اردوان نے کہا کہ نئی سڑکوں کی تعمیر سے ترکی کے ہمسایوں کو تجارت کے لئے نئے راستے مل گئے ہیں۔ ایک طرف ہمسایہ ممالک کا برآمدی سامان کم خرچ اور محفوظ طریقے سے اپنی منزلوں تک پہنچے گا وہیں ترکی کو راہداری کی مد میں کثیر آمدنی حاصل ہو گی۔