بیجنگ: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں چین اور واشنگٹن میں جاری کشیدگی کے بعد چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت ختم ہونے کے بعد نئی امریکی انتظامیہ کیساتھ تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات انتہائی کشیدہ رہے ہیں جس کے گہرے اثرات عالمی اقتصادیات پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے چین اور امریکا کی بزنس کونسل سے خطاب میں امریکا کے ساتھ باہمی تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں صدر کی تبدیلی سے چین کے ساتھ ایک بار پھر غیر جانبدارانہ تعلقات بحال ہو سکتے ہیں۔
وانگ ژی نے مزید کہا کہ تنازعات کا حل ’ٹیبل ٹاک‘ میں ہے اور دونوں ممالک کے لیے یہ وقت بہترین ہے جب امریکی انتظامیہ میں بڑی تبدیلی آرہی ہے جس سے پالیسیوں میں نرمی اور غیر جانبداری کا امکان بڑھ گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان کا یہ بیان اس وقت آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ نے ہانگ کانگ میں عوامی نمائندوں پر مقدمات بنانے کی مذمت کرتے ہوئے چینی حکام پر نئی پابندیوں کا عندیہ دیا ہے جس پر چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے شدید احتجاج بھی کیا ہے۔