دبئی: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار صہیونی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے کیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘کے مطابق اسرائیل کو بھی چونکہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے صحت عامہ کے شعبے میں بحرانی حالات کا سامنا ہے، اس لیے ان سے پوچھا یہ گیا تھا کہ آیا وہ ملک میں کووڈ انیس کی وبا کی تشویش ناک صورت حال کے باوجود اور طے شدہ پروگرام کے مطابق اگلے ہفتے متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔
اس سوال کے جواب میں اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ صرف 3 گھنٹے کے بہت مختصر دورے پر اس خلیجی عرب ریاست کا سفر کریں گے۔
نیتن یاہو نے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لائیو براڈکاسٹ کی جانے والی پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم اس دورے کو پہلے ہی دو مرتبہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے پیش نظر ملتوی کر چکے ہیں۔
وزیر اعظم نیتن یاہو نے بتایا کہ یہ دورہ سلامتی امورکی وجہ سے اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ اس لیے میری درخواست پر اس کا دورانیہ تین دن سے بہت کم کر کے صرف تین گھنٹے کر دیا گیا ہے۔ لیکن میں یہ دورہ کروں گا۔
ساتھ ہی اسرائیلی سربراہ حکومت نے یہ بھی کہا کہ وہ تین گھنٹے کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ تو کریں گے ہی لیکن شاید اس دوران وہ بہت تھوڑے وقت کے لیے بحرین بھی جائیں گے۔
بینجمن نیتن یاہو نے خود اپنے اس دورے کے لیے کسی تاریخ کا کوئی ذکر نا کیا مگر اسرائیلی میڈیا نے اپنی رپورٹوں میں بتایا ہے کہ وہ یہ دورہ آئندہ منگل نو فروری کو کریں گے۔