دمشق: (دنیا نیوز) شام نے ساحلی علاقے پر اسرائیل کی طرف سے کئے گئے میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا۔ حملے میں ایک شخص ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق شام کی سرکاری فوج نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام نے بحیرہ روم کے ساتھ واقع شہر الاذقیہ پر داغے جانے والے کئی اسرائیلی میزائلوں کو مار گرایا۔
حملے میں روسی فضائی اڈے اور شامی صدر بشار الاسد کے خاندانی علاقے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ حملے میں پلاسٹک کی ایک فیکٹری تباہ ہو گئی تاہم بڑے پیمانے پر جانی نقصان نہیں ہوا۔