کابل: (دنیا نیوز) افغان ٹی وی طلوع نیوز نے کہا ہے کہ طالبان نے ان کے رپورٹر اور کیمرہ مین پر کوریج کے دوران تشدد کیا ہے۔
طلوع نیوز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ان کے رپورٹر اور کیمرہ مین کابل شہر کے حاجی یعقوب چوک پر بے روز گاری پر رپورٹ کی عکس بندی کر رہے تھے کہ طالبان آئے اور انہیں پیٹنا شروع کر دیا، انہوں نے میڈیا اسٹاف کو تھپٹر مارے اور اپنی بندوق سے بھی مارا۔
رپورٹر ضیار خان نے بتایا کہ طالبان ان کے موبائل فون اور باقی سامان ساتھ لے گئے، افغان میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں کابل کے علاوہ بھی کئی علاقوں سے صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔