مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک

Published On 21 September,2021 04:46 pm

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اودھم پور میں پتنی ٹاپ کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر پہاڑوں پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں پائلٹ چل بسے۔

حکام نے بتایا کہ آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر کے گرنے سے پائلٹ شدید زخمی ہوئے۔ پائلٹس کو مقامی لوگوں نے نکال کر ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

بھارت کے ایک اعلیٰ فوجی افسر نے بتایا کہ دونوں پائلٹ میجر رینک کے افسر تھے۔ ہم نے انہیں ہسپتال منتقل کیا تاہم بدقسمتی سے دونوں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کو جنگل میں تباہ شدہ حالت میں دیکھا گیا جہاں مقامی لوگ پائلٹس کو باہر نکالنے کی کوشش کر رہے تھے۔

حکام کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ صبح 10 بجکر 30 منٹ پر پیش آیا۔

Advertisement