سڈنی: (ویب ڈیسک) چین میں کورونا وائرس کے کیسز میں غیر معمولی اضافے کے باعث ایک درجن سے زیادہ ممالک نے بیجنگ سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق آسٹریلیا اور کینیڈا آنے والے تمام چینی مسافروں کے لیے کورونا کے منفی ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی، تازہ پابندیوں کا اقدام ایسے وقت پر اٹھایا گیا جب چین کے ہسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد غیرمعمولی ہوگئی ہے۔
عالمی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بیجنگ کی جانب سے گزشتہ ماہ سخت لاک ڈاؤن اور بڑے پیمانے پر زیرو کورونا پالیسی کو ختم کرنے کے بعد ممکنہ طور پر کورونا کا سبب بننے والا وائرس ایک دن میں لاکھوں افراد کو متاثر کر رہا ہے، قومی صحت کمیشن نے انفیکشن اور اموات کے روزانہ اعداد و شمار کی اشاعت بھی روک دی ہے۔
آسٹریلیائی وزیر صحت مارک بٹلر نے مذکورہ پابندی کے حوالے سے کہا کہ بیجنگ میں کورونا کے بارے میں جامع معلومات کی عدم فراہمی کی بنیاد پر فیصلہ کیا گیا اور اس کا اطلاق 5 جنوری سے ہو گا۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ یہ اقدام آسٹریلیا کو ممکنہ بیماری کی نئی ابھرتی ہوئی اقسام کے خطرے سے محفوظ رکھے گا۔