بڑے بھائی ولیم نے مجھ پر ہاتھ اُٹھایا ، شہزادہ ہیری کا اہم انکشاف

Published On 05 January,2023 02:59 pm

لندن : (ویب ڈیسک ) برطانوی شہزادہ ہیری نے اپنی سوانح عمری میں یہ انکشاف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ میگھن مارکل سے متعلق بات چیت کے دوران ہونیوالے جھگڑے میں بڑے بھائی شہزادہ ولیم نے ان کا گریبان پکڑا اور مار پیٹ کی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب" اسپیئر " میں اس حوالے سے تفصیلات لکھی ہیں جو 10 جنوری کو شائع ہوگی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب میں واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شہزادہ ولیم نے میگھن مارکل سے متعلق ہونے والی بحث کے دوران ان پر حملہ کیا۔

شہزادہ ہیری کی کتاب کے اقتباسات میں کہا گیا ہے کہ شہزاد ہ ولیم نے میگھن مارکل کو مشکل اور بدتمیز کہا، جھگڑا اس وقت بڑھ گیا جب ولیم نے ہیری کا گریبان پکڑا۔

شہزادہ ہیری نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ اس جھگڑے کی چوٹ کے نشان ان کی کمر پر آئے۔

امریکی اخبار کے مطابق ہیری نے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ولیم افسردہ اور معذرت خواہ نظر آئے۔

اس سے قبل شہزادہ ہیری نے ایک ٹی وی انٹرویو میں نے اپنے والد اور بھائی سے تعلقات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کیا تھا،  ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد اور بھائی کو واپس چاہتے ہیں اور ایک خاندان چاہتے ہیں ایک ادارہ نہیں۔

شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے 2020 میں اعلان کیا تھا کہ وہ اعلیٰ شاہی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں اور اب مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے کام کریں گے۔
 

Advertisement