لندن : (ویب ڈیسک ) برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری نے افغانستان میں 25 افراد کو مارنے کا انکشاف کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری نے اپنی خودنوشت میں اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے افغانستان میں اپاچی ہیلی کاپٹر پائلٹ کی ڈیوٹی کے دوران 25 افراد کو ہلاک کیا۔
38 سالہ ڈیوک آف سَسیکس نے نیٹو افواج کے دور میں افغانستان کے دو دورے کیے تھے جن میں پہلا فارورڈ ایئرکنٹرولر کے طور پر تھا جبکہ دوسری بار 2012،13 میں جنگی ہیلی کاپٹر اڑایا۔
شہزادہ ہیری کا کہنا ہے کہ " افغانستان میں دوران ڈیوٹی کی گئی ہلاکتوں پر فخر ہے اور نہ ہی کوئی شرمندگی ہے ، جنگی حالت میں مارے جانے والوں کو شطرنج کے مہرے سمجھ کر بساط سے ہٹایا " ۔
شہزادہ ہیری نے 10 سال تک برطانوی فوج میں کیپٹن کے عہدے تک خدمات انجام دیں۔
اس سے قبل شہزادہ ہیری نے کتاب میں شہزادہ ولیم سے متعلق بھی انکشافات کیے ہیں ، شہزادہ ہیری نے بڑے بھائی شہزادہ ولیم پر 2019 میں مارپیٹ کا الزام لگایا تھا ۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری کی سوانح عمری ’اسپیئر‘ 10 جنوری کو شائع ہورہی ہے۔