جدہ : (دنیا نیوز) سعودی عرب کی جانب سے سوڈان کے بحران کے حل کیلئے سفارتی اور انسانی بنیادوں پر کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے ۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی زیرصدارت سعودی عرب کی کابینہ کا اجلاس جدہ کے قصر السلام میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے آغاز میں کابینہ کو گذشتہ دنوں متعدد برادر اور دوست ممالک کے رہ نماؤں اور اعلیٰ حکام کے ساتھ ہونے والے رابطوں اور ملاقاتوں کے مندرجات، مملکت اوردوسرے ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں کئی فیصلوں کی منظوری دی گئی جبکہ علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی کابینہ نے عرب لیگ کے اجلاسوں میں شام کی دوبارہ شرکت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، کابینہ نے کہا کہ سعودی عرب، شام کے بحران کے سیاسی حل تک پہنچنے کی کوششوں میں تعاون کا خواہاں ہے اور سعودی عرب بحران کو حل کرنے کیلئے سفارتی اور انسانی بنیادوں پر کوششیں جاری رکھے گا۔
اس موقعے پر سوڈان کے لیے 100 ملین ڈالر مالیت کی طبی اور انسانی امداد کی فراہمی کا بھی اعلان کیا گیا۔
اجلاس کے بعد سعودی پریس ایجنسی کو اپنے بیان میں وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے کہا کہ کابینہ نے سوڈان میں پھنسے متعدد ممالک کے شہریوں کو نکالنے اور انہیں دوسرے مقامات پر منتقل کرنے میں مملکت کی کامیابی کو سراہا گیا ۔