نیو کیلیڈونیا : بحر الکاہل میں شدید زلزلہ ، سونامی کی وارننگ جاری

Published On 19 May,2023 12:32 pm

سڈنی : (ویب ڈیسک ) آسٹریلوی شہر سڈنی کے قریب نیو کیلیڈونیا کے جنوب مشرق میں بحر الکاہل میں شدید زلزلہ آیا ہے جس کے بعد آسٹریلیا اور قریبی جزائر میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدید نوعیت کا زلزلہ آسٹریلیا کے قریب نیو کیلیڈونیا کے ساحل سے دور لائلٹی جزائر کے قریب آیا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروس کے مطابق نیو کیلیڈونیا کے جنوب مشرق میں بحر الکاہل میں 7.7 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔

حکام کی جانب سے آسٹریلیائی شہریوں کا پسندیدہ تفریحی مقام جزیرہ لارڈ ہوئے کے ممکنہ طورپر سونامی کی زد میں آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے فوری بعد سونامی کی لہریں نہیں دیکھی گئی ہیں، تاہم شام تک بھی سونامی کی لہریں پیدا ہوئیں تو ان سے لارڈ ہوئے آئی لینڈ متاثر ہو سکتا ہے۔

آسٹریلوی سونامی وارننگ سینٹر صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ۔
 

Advertisement