خرطوم : ( ویب ڈیسک ) سوڈان کی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز ( آر ایس ایف ) کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کر لیا گیا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان کی فوج اور اس کی حریف نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان جنگ بندی میں پانچ دن کی توسیع کا اعلان سعودی عرب اور امریکا کی طرف سے ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس توسیع سے مزید انسانی امداد، ضروری خدمات کی بحالی اور ممکنہ طویل مدتی توسیع پر بات چیت کے لیے وقت ملے گا۔
یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب دونوں فریقوں پر متزلزل جنگ بندی میں توسیع کے لیے دباؤ تھا جو پیر کو ختم ہونے والی تھی۔
اپریل کے وسط میں جنرل عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں فوج اور آر ایس ایف کے رہنما جنرل محمد حمدان دگالو کے درمیان لڑائی شروع ہونے کے بعد سوڈان افراتفری کا شکار ہے۔
سوڈان کی طبی تنظیموں کے مطابق لڑائی کے دوران کم از کم 866 شہری ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔
تنازعہ نے دارالحکومت اور دیگر شہری علاقوں کو جنگ کے میدانوں میں تبدیل کر دیا ہے جس کی وجہ سے تقریباً 1.4 ملین افراد سوڈان کے اندر اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ علاقوں کی طرف یا پڑوسی ممالک میں جانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے مطابق مکانات اور شہری بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے جس سے ہزاروں لوگ اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔