امریکی ریاست ٹیکساس، میکسیکو میں شدید گرمی کی لہر، 125 افراد ہلاک

Published On 01 July,2023 07:55 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ میں گرمی کی شدید لہر انسانی جانیں لینے لگی، میکسیکو میں 112 جبکہ امریکی ریاست ٹیکساس میں 13 افراد ہلاک جان کی بازی ہار گئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اموات ٹیکساس اور میکسیکو کی سرحد کے نزدیکی علاقوں میں ہوئی ہیں، ہیٹ ویو سے متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ چکا ہے جس پر انتظامیہ نے شہریوں کو حفاظتی انتظامات کے ساتھ باہر نکلنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

گرمی کی شدت سے ہیوسٹن کی سڑکوں پر دراڑیں پڑ گئیں، متعدد نوجوان اور بزرگ شہری گرمی اور حبس کے باعث بے ہوش ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

گرمی کے باعث مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے والے 50 سے زائد افراد کو ہسپتال میں داخل ہونا پڑا جن میں سے اکثریت کی عمریں 55 سال سے زائد ہے۔