ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے خبردار کیا ہے کہ مسلح گروہوں کے بڑھتے کردار سے عالمی امن کو خطرہ ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان وزیر خارجہ نے عرب سربراہی اجلاس ،ٹرائیکا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزارت خارجہ کی سطح پر منعقدہ غیر رسمی مذاکراتی سیشن کے دوران تقریر کے بعد ایک بیان میں کہا کہ بحران پیدا کرنے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے میں ریاست کے فریم ورک سے باہر مسلح گروہوں کا بڑھتا ہوا کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس آسانی کے ساتھ ان گروہوں کے پاس جدید تکنیکی ذرائع اور ہتھیار آ رہے ہیں یہ صورتحال ریاستی اداروں کو کمزور کر رہی ہے، ان گروہوں کا اثر و رسوخ جغرافیائی سرحدوں سے تجاوز کر رہا ہے جو سلامتی اور استحکام کے لیے بڑھتا ہوا خطرہ ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلح گروہوں کے خلاف سخت اقدامات کرے۔
سعودی وزیر خارجہ نے سیشن کے دوران کہا کہ سعودی عرب یمنی فریقوں کے درمیان بات چیت کا منتظر ہے، یہ بات چیت یمن میں سلامتی اور استحکام لانے میں کردار ادا کرے گی۔
واضح رہے کہ عرب اجلاس کا ٹرائیکا الجزائر، سعودی عرب اور بحرین پر مشتمل ہے۔