عالمی اداروں کا غزہ میں ہسپتال خالی کروانے کے اسرائیلی اعلان پر اظہار تشویش

Published On 30 October,2023 05:08 am

نیویارک: (دنیا نیوز) عالمی ادارہ صحت اور دیگر امدادی اداروں نے القدس ہسپتال کو خالی کروانے کے اسرائیلی اعلان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ مریضوں سے بھرے ہسپتالوں کو ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالے بغیر خالی کرنا ناممکن ہے، انسانی حقوق کے عالمی قوانین کے تحت صحت عامہ کے اداروں کا ہمیشہ تحفظ کیا جانا چاہیے، القدس ہسپتال میں 14 ہزار سے زائد مریضوں کو پناہ فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ترجمان اقوام متحدہ رفیوجی ایجنسی نے بھی اسرائیلی اعلان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں اب انسانیت مرنے لگی ہے، مسلسل محاصرے اور خوراک کی کمی نے غزہ کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، غزہ کے ہسپتالوں میں ایندھن کی فراہمی مکمل طور پر بند ہے، غزہ میں فلسطینی خوراک کی تلاش میں اقوام متحدہ کے گوداموں میں پہنچ رہے ہیں۔