ماسکو: (دنیا نیوز) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات کو برباد کرنے کا منصوبہ بن چکا ہے۔
پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینیوں کی اپنی سر زمین سے ہٹ کر آباد کاری سے فلسطینی ریاست کا قیام کھٹائی میں پڑ جائے گا، روس کو اس چال اور سازش پر تشویش ہے، فلسطینیوں کی نئی جگہ آباد کاری خطے میں امن نہیں لا سکتی۔
قبل ازیں اسرائیل کے دورے پر موجود امریکی وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام سے ان کا پیدائشی حق چھینتے ہوئے صیہونیوں کو مقبوضہ علاقے کا مالک قرار دے دیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کا واحد حل دو ریاستی قیام ہے، غزہ کی پٹی میں داخل ہونے والی انسانی امداد کافی نہیں ہے۔
انٹونی بلنکن نے اسرائیل سے عام شہریوں کو نشانہ نہ بنانے کا مطالبہ بھی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کو پورے خطے میں پھیلنے سے روکنا امریکا کا بنیادی ہدف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات میں شہریوں کے تحفظ پر زور دیا، غزہ میں جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے، حماس اپنی دہشتگردانہ کارروائیاں بند کرے۔