حزب اللہ کو کسی بھی غلطی پرقیمت چکانی پڑے گی : اسرائیلی وزیراعظم

Published On 04 November,2023 11:24 am

یروشلم : (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی غلطی پر آپ کو ایسی قیمت چکانی پڑے گی جس کا آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔

حسن نصراللہ نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے لبنان پر حملہ کیا تو وہ سب سے بڑی حماقت کا مرتکب ہو گا،  تمام آپشنز میز پر ہیں اور کسی بھی وقت اس پر عمل کیا جا سکتا ہے، حماس کو ختم کرنا ایک ناقابل حصول مقصد ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اسرائیل حماس کے خاتمے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے : حسن نصراللہ

 اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ کی پٹی میں عارضی جنگ بندی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے  کہ وہ اس وقت تک تباہ کن فوجی حملے جاری رکھیں گے جب تک کہ حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے افراد کو رہا نہیں کیا جاتا۔

دوسری طرف وائٹ ہاؤس نے کہا کہ حزب اللہ کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کا غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کرنا چاہیے۔

وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ امریکہ اس تنازع کو لبنان تک پھیلا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا۔

یہ بھی پڑھیں :غزہ میں اسرائیل کی تین ہسپتالوں کے اطراف بمباری، شہدا کی تعداد9300 ہوگئی

واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 9 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں تین ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں ۔

غزہ پراسرائیلی ظلم کا نشانہ بننے والے زخمیوں کی تعداد 32 ہزار سےتجاوز کرگئی ، غزہ میں اسرائیل کے بلا تفریق حملوں اور بمباری میں ایک اور صحافی اور اُس کے گھر والے ٹارگٹڈ حملے میں شہید ہو گئے۔